ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوکرین معاملے پر کانگریس نے مرکز سے کل جماعتی میٹنگ بلانے کا کیا مطالبہ

یوکرین معاملے پر کانگریس نے مرکز سے کل جماعتی میٹنگ بلانے کا کیا مطالبہ

Wed, 02 Mar 2022 10:54:04    S.O. News Service

نئی دہلی، 2؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس نے منگل کے روز مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین معاملے پر   جماعتی میٹنگ طلب کرے۔ ساتھ ہی کانگریس نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو موجودہ حالات سے اراکین پارلیمنٹ کو مطلع کرانا چاہیے۔ لوک سبھا میں پارٹی کے ڈپٹی لیڈر گورو گگوئی نے یہ مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانیوں کو نکالنے کی مہم پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے، لیکن ساتھ ہی اسے ایک پی آر اسٹنٹ بھی نہیں بنایا جانا چاہیے۔

گورو گگوئی نے کہا کہ ’’تاریخ کے ایسے اہم وقت میں پی ایم مودی کو روس-یوکرین جنگ پر کل جماعتی پارلیمانی میٹنگ بلانی چاہیے۔ اس طرح کی بات چیت سے حکومت ہند کو بہترین کارکردگی کرنے میں مدد ملے گی۔‘‘ مودی حکومت کے ذریعہ یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کو نکالنے میں تاخیر ہونے اور پھر اسے پی آر اسٹنٹ بنائے جانے پر کانگریس نے اس سے پہلے بھی کئی بار تنقید کی ہے۔

گورو گگوئی کا کہنا ہے کہ ’’ہندوستان کے ذریعہ 30 سے زیادہ مواقع پر ہندوستانیوں کو بیرون ممالک سے نکالے جانے کی قابل فخر تاریخ رہی ہے۔ ابھی یوکرین سے ہندوستانیوں کو نکالنے کی کوشش پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے، لیکن ساتھ ہی کوئی ڈھول بھی نہیں پیٹا جانا چاہیے۔ حکومت ہند کو روس پر دباؤ بنانا چاہیے کہ وہ گولی باری میں پھنسے ہندوستانیوں کا تحفظ یقینی کرے۔‘‘

غور طلب ہے کہ یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لیے آپریشن گنگا کے تحت چل رہی کوششوں کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم نے پیر کی شام کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کے بعد انھوں نے کہا کہ پوری سرکاری مشینری یہ یقینی بنانے کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہی ہے کہ وہاں ہندوستانی شہری محفوظ رہیں۔


Share: